کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ ریلوے کی بدحالی مسافروں کے لیے وبال جان بن گئی۔ پشاور سے کراچی آنے والی خیبر میل کی بوگی پٹری سے اترگئی۔
ذرائع کے مطابق پشاور سے کراچی آنے والی خیبر میل کی بوگی حیدرآباد اور کوٹری سٹیشن کے درمیان اتری، دریائے سندھ پل کے قریب ہونے کے سبب ٹرین کی سپیڈ کم تھی جس کے سبب خیبر میل بڑے حادثے سے بچ گئی اور مسافروں کو نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کے مطابق بوسیدہ بوگیاں اور ٹریک کی خستہ حالی کی وجہ سے بوگیاں پٹری سے اتر جاتی ہیں۔ ملت ایکسپریس کے جان لیوا حادثے کے بعد صرف تیسرے دن میں یہ دوسرا واقعہ ہے۔ حکام کے مطابق جلد بوگی ٹریک پر چڑھا کر ٹریک بحال کر دیا جائے گا۔
یاد رہے پیر کے روز گھوٹکی کے قریب سرسید ایکسپریس اور ملت ایکسپریس میں تصادم کے نتیجے میں 62 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔
یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب کراچی سے سرگودھا جانے والی ملت ایکسپریس کی بوگیاں پٹڑی سے اُتر کر ڈاؤن ٹریک پر جا گریں اور راولپنڈی سے آنے والی سرسید ایکسپریس اُن سے ٹکرا گئی۔