سکردو: (دنیا نیوز) فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو جیل میں رکھنا نہیں چاہتے، وہ پیسے واپس کریں اور جہاں مرضی چلے جائیں، احتساب کے عمل کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچانا ہے، گلگت بلتستان کو عبوری آئینی صوبہ بنانے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سکردو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیے سب سے بڑا شئیر وفاقی حکومت نے دی ہے، عوام دوست اور تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، عبوری صوبے کے معاملے پر تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، سابق ن لیگ کی حکومت نے گلگت بلتستان کے لیے کچھ نہیں کیا، سڑکوں کی خراب حالت سابق حکومت کی نااہلی کا ثبوت دے رہی ہیں، سیاحت کی ترقی کے لیے جتنی فلائٹس چلائی جا رہی ہیں ماضی میں مثالیں نہیں ملتی۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے لوگ پاکستان سے جڑے ہوئے ہیں، گلگت بلتستان میں لوکل گورنمنٹ کی تشکیل کی ضرورت ہے، ہم امن کے لیے سنجیدہ ہیں، مودی کی کشمیر پالیسی اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی مزمت کرتے ہیں، کشمیر کاز کے لیے ہم نے اقتصادی قربانیاں بھی دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب سکردو کو رواں ماہ خصوصی گرانٹ فراہم کرینگے، صحافیوں کے لیے ڈیجیٹل میڈیا کی تربیت کا اہتمام کرہنگے۔