اسلام آباد: (دنیا نیوز) پرویز خٹک نے اپوزیشن لیڈر کو مناظرے کا چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اپنے کاموں کی فہرست لے آئیں، نون لیگ کی کارکردگی بہتر ہوتی تو عوام پنجاب میں مسترد نہ کرتے، اپوزیشن مہنگائی مہنگائی کر کے صرف ڈرامہ کر رہی ہے، ان کی اور ہماری کارکردگی میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے قومی اسملی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنبھالی تو ملک مشکلات کا شکار تھا، وزیراعظم عمران خان نے ملک کو مشکلات سے نکالا، الزامات لگانے والے اپنے گریبان میں جھانکتے نہیں، آئی ٹی کی بدولت ساری دنیا ترقی کر رہی ہے، ماضی کی حکومتوں نےآئی ٹی پرتوجہ نہیں دی، ملک تعمیراتی کاموں سے ترقی کرتے ہیں۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ امریکا، یورپ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے، اپوزیشن کا ڈرامہ اب نہیں چلے گا، اپوزیشن والے اتنا جھوٹ بولتے ہیں کہ سچ لگتا ہے، وزیراعظم کے درست فیصلوں سے معیشت کو نقصان نہیں پہنچا، موجودہ حکومت نے کسان کو بغیر سود قرض کی سہولت دی۔ انہوں نے کہا کہ ملک نوکریاں دینے سے نہیں چلتا، ہر کوئی سرکاری نوکری حاصل کرنا چاہتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کارکردگی کی وجہ سے دو تہائی اکثریت ملی، 38 سال میں کسی کنٹریکٹ میں حصہ نہیں لیا، چاہتا تو اربوں کما سکتا تھا۔