پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، آرمی چیف

Published On 21 June,2021 10:17 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں، دونوں ممالک کے پاس جیو سٹریٹجک تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آذربائیجان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران ان کی کی آذربائیجان کے صدر اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں ہوئیں۔

ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت افغان مفاہمتی عمل میں حالیہ پیش رفت اور دو طرفہ دفاع اور سیکیورٹی تعاون سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی ثقافت، مذہب اور تاریخی لحاظ سے مشترکہ اقدار ہیں، دونوں ممالک کے پاس جیو سٹریٹجک اہمیت، دو طرفہ تعاون سے مشترکہ فائدہ اٹھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج دونوں ممالک کے مابین فوجی تعاون کے مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے۔

آذربائیجان کے صدر اور وزیر دفاع نے تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں آذربائیجان میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ وزارت دفاع آمد پر چاک وچوبند فوجی دستے نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
 

Advertisement