لندن: (اظہر جاوید) وزیراعظم عمران خان کا دورہ برطانیہ ملتوی کر دیا گیا، توقع ہے کہ وہ رواں سال کے آخر میں دورہ کر سکتے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانوی حکومت سے اختلاف کے بعد دورہ ملتوی کیا گیا، برطانوی حکومت اور لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا کہ پاکستان، برطانیہ کے ساتھ طویل المدتی معاہدے، سابق وزیراعظم نوازشریف کی پاکستان بدری اور ڈاوننگ سٹریٹ میں باقاعدہ ظہرانے کا خواہشمند تھا لیکن برطانیہ نے طویل المدتی معاہدے اور نوازشریف کے حوالے سے بات کرنے سے انکار کر دیا۔
برطانوی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے جولائی میں لارڈز کرکٹ گراونڈ میں پاک انگلینڈ میچ دیکھنے کیلئے دعوت دی رکھی تھی جو پاکستان کے مطابق دورہ کے مقاصد کیلئے ناکافی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان معاملات پر پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے برطانوی وزیراعظم دفتر کے ساتھ مذاکرات بھی کئے جو بارآور ثابت نہ ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بتایا گیا کہ قانون کے مطابق سابق وزیراعظم قانونی طور پر برطانیہ میں مقیم ہیں اور بورس جانسن قانونی نظام کی وجہ سے اس حوالے سے کسی قسم کی یقین دہانی کروانے سے قاصر ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی خواہش ہے کہ ان کے دورہ برطانیہ کے دوران امریکہ کہ طرح پاکستانی کمیونٹی کا بڑا اجتماع بھی منعقد کیا جائے جو کورونا وبا کی پابندیوں کے باعث فی الحال ممکن نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے افسر رابطے میں ہیں اور مناسب موقع پر اس سال ستمبر یا اکتوبر میں دورے کی تاریخ طے کی جاسکتی ہے، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے کرکٹ کے دنوں کے مداح ہیں اور وہ اس کا اظہار بھی کر چکےہیں۔