پاکستان امریکی دباؤ میں آکر چین کیساتھ اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا، وزیراعظم

Published On 29 June,2021 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے واضح اور دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے امریکا کو پیغام دیا ہے کہ وہ کسی کے دباؤ میں آ کر اپنے دیرینہ دوست چین کیساتھ اپنے تعلقات کو کم نہیں کرے گا۔

چینی میڈیا کو دیئے گئے ایک اہم انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان پر چین سے تعلقات کم کرنے کا امریکی دباؤ غیر منصفانہ ہے۔ پاکستان جب بھی مشکل میں رہا، چین نے اس کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل میں چینی عوام کی بڑی عزت ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والے یاد رہتے ہیں۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ پاکستان کسی کے دباؤ پر آ کر اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔

عمران خان نے امریکا کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ چاہے جتنا دباؤ پڑے پاک چین تعلقات میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا نے "کواڈ" نامی علاقائی اتحاد بنا کر معاملہ پیچیدہ کردیا ہے۔ بھارت کو بھی اسی اتحاد میں شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام ممالک کےساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن مغربی طاقتوں کا پاکستان پر کسی ایک اتحاد کو چننے کیلئے دباؤ ڈالنا ٹھیک نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارت کے ذریعے چین کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔
 

Advertisement