اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے 3 سال میں مشکل حالات کا سامنا کیا، مہنگائی ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، تاہم اس پر بہت جلد قابو پا لیں گے۔ کمزور طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا ارکان پارلیمنٹ کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب میں کہنا تھا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد مشکل معاشی حالات کا سامنا رہا لیکن اب عام آدمی کی زندگی بہتر کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جا رہی ہے۔ مشکل دور گزر گیا، آگے بہتری اور اصلاحات نظر آئیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کھانے پینے کی اشیا بھی درآمد کر رہا ہے۔ گندم اور دالیں بھی امپورٹ کرنا پڑ رہی ہیں۔ ہم اب زرعی شعبے کی ترقی کیلئے پیکج لا رہے ہیں۔ کسانوں کو منڈیوں اور صارفین سے جوڑنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل حالات میں ملک چلا رہے ہیں، کورونا کے باوجودحکومت نے زبردست بجٹ دیا۔ انشاء اللہ وفاقی بجٹ باآسانی پاس ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے اراکین قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ قبائلی اضلاع تمام علاقوں کے مسائل ترجیح بنیادوں ہر حل کیے جائیں گے۔