شہباز شریف کی بجٹ اجلاس میں عدم شرکت پر تنقید بچگانہ فعل: احسن اقبال

Published On 30 June,2021 11:32 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احسن اقبال نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی بجٹ اجلاس میں عدم شرکت پر تنقید بچگانہ فعل ہے، فرینڈلی اپوزیشن کا طعنہ دینے والے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں، تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے، اب بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔

 پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کا کام بجٹ کی خامیوں کو اجاگر کرنا ہے، اپوزیشن کی نشاندہی پر 350 ارب کے ٹیکس واپس لئے گئے، حکومت نے اصل بجٹ پیش نہیں کیا، اصل بجٹ تو آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط ہیں، یہ بازیگر قوم کو مزید دھوکا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سب منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا، اس حکومت نے چلتے ہوئے ادارے تباہ کر دیئے، جو کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے انہیں وزیر، مشیر بنا دیا گیا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج پھر ایک جھوٹے کیس کی پیشی بھگتنے آئے ہیں، حکومت 3 سال سے احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے، وزیراعظم نے ایک گراؤنڈ میں تصویر بنوا کر تاثر دیا وہ کھیلوں کے حامی ہیں، نارووال سپورٹس سٹی کا نقصان عمران خان سے ہی ریکور کریں گے، نارووال سپورٹس کمپلیکس کو کھنڈر میں بدل دیا گیا، حکومت نے اس منصوبے کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا، تین سال سے احتساب کے نام پر ڈرامہ چل رہا ہے۔

 

Advertisement