وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیدی

Published On 30 June,2021 08:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن کو متنازعہ ہونے سے بچانے کیلئے اپنی تجاویز دی جائیں، جمہوریت کے روشن مستقبل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے کہ انتخابی نظام کو اس قدر شفاف بنایا جائے کہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے۔ انتخابی اصلاحات حکومت اور اپوزیشن کی بات نہیں بلکہ جمہوری کے نظام کا مستقبل ہیں، انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کی مثبت تجاویز پر بات چیت کیلئے تیار ہیں، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ اجلاس میں بھرپور شرکت اور بجٹ کی منظوری پر ارکان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، نئے مالی سال کا بجٹ میرے وژن کے مطابق بنایا گیا ہے، ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں، حکومت سنبھالی تو کرنٹ اکائونٹ خسارہ سمیت مختلف چیلنجوں کا سامنا تھا، خوشی ہے کہ اقتصادی ٹیم کی کوششوں سے معاشی صورتحال بہتر ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کیلئے سفارشات ترتیب دی ہیں، انتخابی اصلاحات ملک کے جمہوری کے نظام کے مستقبل کے ساتھ جڑی ہیں، 1970ء کے بعد تمام انتخابات متنازعہ رہے، وقت آ گیا ہے کہ انتخابی نظام کو اس قدر شفاف بنایا جائے کہ کوئی اس پر انگلی نہ اٹھا سکے، انتخابی اصلاحات حکومت اور اپوزیشن کی بات نہیں بلکہ جمہوری کے نظام کا مستقبل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں شفاف انتخابات کیلئے بہت ضروری ہیں، انتخابی اصلاحات کیلئے اپوزیشن کی مثبت تجاویز پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی فلاحی ریاست کا نظریہ ریاست مدینہ سے لیا گیا ہے، انصاف اور قانون کی بالادستی ریاست مدینہ کے سنہری اصول تھے، مسلمان جب تک ان سنہری اصولوں پر عمل پیرا رہے حکمرانی کرتے رہے، ملک کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے قائد کے نظریہ پر عمل پیرا ہونا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف، انسانیت اور خودداری پر تحریک انصاف کی 25 سال قبل بنیاد رکھی۔

 

Advertisement