اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کے روز طلب کر لیا ہے جس میں 22 نکاتی ایجنڈا پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کونویڈیشیا ویکسین کی ریٹیل پرائس مقرر کرنے کی منظوری دے گی جبکہ اضافی کسٹم ڈیوٹیز اور ریگولیٹری ڈیوٹیز لاگو کرنے سے متعلق فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
اجلاس میں کابینہ میں ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد رپورٹ پیش کی جائے گی۔ کابینہ کو جی ٹونٹی ممالک کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی معطل کرنے سے متعلق اقدام پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
وفاقی کابینہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ایئرپورٹ اتھارٹی آرڈیننس کی منظوری دے گی۔ کابینہ مالی سال 2021ء کے لیے ایس ای سی پی کے آڈیٹرز تعینات کرنے کی منظوری دے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری اتھارٹی ایکٹ اور کیپیٹل ٹیریٹری مینٹیننس آف پبلک آرڈر ایکٹ 2019ء میں ترمیم کی منظوری دے گی۔
اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سیکیورٹی آف سٹیبلشمنٹ ایکٹ 2019ء کا معاملہ کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور میں سحر زرین کی تعیناتی، چیئرمین ای او بی آئی کی کنٹریکٹ پر تعیناتی جبکہ فیڈرل گورنمنٹ پراپرٹی مینجمٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے گی۔
کابینہ ادارہ شماریات کے ممبر سپورٹ سروس کی دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ تین اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے جبکہ کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔