کراچی: (دنیا نیوز) بلدیہ ضلع وسطی کا پوش علاقہ نارتھ ناظم آباد انتظامی اقدامات نہ ہونے کے باعث تباہ حالی کا شکار ہونے لگا۔ گزشتہ سال برسات سے بری طرح متاثر ہونے کے باوجود نارتھ ناظم آباد میں چھوٹی بڑی سڑکیں اور رہائشی علاقوں کی گلیاں تاحال تعمیر نہیں کی جاسکی۔
بلدیہ ضلع وسطی کے پوش علاقے نارتھ ناظم آباد میں سڑکوں کی تباہ حالی سے لاکھوں کی آبادی متاثر ہو رہی ہے۔ کے ڈی اے چورنگی سے حیدرری جانے والی مرکزی مصروف شاہراہ تک کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتی ہے۔
محلقہ سروس روڈ بھی گزشتہ سال برسات میں تباہ ہونے کے باوجود تعمیر نہیں کی جاسکی۔ فائیو سٹار چورنگی سے لنڈی کوتل جانے والی سڑک کے اطراف سروس روڈ اور دیگر چھوٹی بڑی سڑکیں بھی تباہ حالی کا شکار نظرآتی ہیں۔
گزشتہ سال برسات سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل ، ایچ ، این اور دیگر بلاکس میں رہاِشی گلیوں کی حالت بھی کچھ اچھی نہیں، اقدامات کی راہ تکتے شہری اعلٰی حکام کودہائیاں دے رہے ہیں۔
کے ایم سی حکام کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کے باعث اقدامات تاخیر کا شکار ہوئے ہیں، رواں مالی سال ترقیاتی بجٹ کیلئے 2 ارب 6 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں، تمام اضلاع میں تباہ حال سڑکیں اور رہائشی علاقوں کی گلیاں تعمیر کی جائے گی۔