پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا:آرمی چیف

Published On 08 July,2021 10:32 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمیں بدلتے حالات میں آپریشنل تیاریاں جاری رکھنی چاہیں، ہم کسی سستی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز منگلا کا دورہ کیا۔ سپہ سالار کو آپریشنل تیاریوں، انتظامی امور اور کور کے زیر اہتمام جاری وار گیمز پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے آپریشنل تیاریاں جاری رکھنے کی ہدایات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیرژن افسروں سے خطاب میں علاقائی اور سیکیورٹی صورتحال پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بدلتے حالات میں اپنی تیاریاں جاری رکھنی چاہیں، ہم کسی سستی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مغربی سرحدوں پر بہتر مینجمنٹ اور سیکیورٹی انتظامات ضروری ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

سپہ سالار نے آپریشنل منصوبہ بندی کو سراہا اور سٹرائیک کور فارمیشن کے تربیتی معیار کی بھی تعریف کی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ کورونا روک تھام کیلئے پاک فوج نے سول انتظامیہ کیساتھ بھرپور تعاون کیا۔ عوام کے تحفظ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔

قبل ازیں منگلا پہنچے پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا استقبال کیا۔

Advertisement