راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان امن کے ساتھ کھڑا ہے اور مختلف خطوں میں پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
آرمی چیف نے یہ بات نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر 21ویں نیشنل سیکیورٹی اور وار کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے اپنے خطاب میں خطے کی بدلتی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حقیقی اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تربیت کا حصول آپریشنل تیاریوں کا لازمی حصہ ہے۔ دشمن پر برتری کے لیے فوج کی جدید خطوط پر تربیت اور نئی ٹیکنالوجیز کا استعمال انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کےساتھ کھڑا ہے۔ افغان امن تباہ کرنیوالے خطے کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان خطوں کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے پرامن اور دیرپا حل پر زور دیا، ان کا کہنا تھا کہ اسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔