جرمنی کیساتھ دفاعی تعاون سےعلاقائی سیکیورٹی پرمثبت اثرات ہونگے:آرمی چیف

Published On 25 June,2021 09:34 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان دفاعی تعاون سے علاقائی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات جرمن چیف آف ڈیفنس سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ جرمنی کے ڈائریکٹر جنرل سیکیورٹی ودفاعی پالیسی بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پاک جرمن رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دفاع، سیکیورٹی اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون پر بھی گفتگو کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج جرمنی کیساتھ دو طرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ فوجی تعاون کا دونوں ممالک کے باہمی تعاون پر بھی مثبت اثر ہوگا۔

جرمن چیف آف ڈیفنس نے علاقائی امن کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا اور افغان امن عمل میں بھی پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔