بڑھتی آبادی حکومتی اقدامات کے ثمرات ہر فرد تک پہنچانے میں بڑی رکاوٹ ہے: فردوس عاشق

Published On 11 July,2021 12:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ تیزی سے بڑھتی آبادی حکومتی اقدامات کے ثمرات ہر فرد تک پہنچانے میں بڑی رکاوٹ ہے،گزشتہ حکومتوں نے آبادی جیسے انتہائی اہم معاملے پر کوئی توجہ نہ دی۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ٹویٹ میں کہا کہ آبادی میں اضافہ وسائل میں کمی اور مسائل میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، بڑھتی آبادی کے باعث بڑھتے مسائل عوام کی خصوصی توجہ کے منتظر ہیں،وطن عزیز کو آبادی میں تیزی سے ہونے والے اضافے کے سبب وسائل کی کمی کا سامنا ہے،بڑھتی آبادی پر قابو پاکر عوام کا معیار زندگی بہتر کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہری تک بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہےتاہم تیزی سے بڑھتی آبادی حکومتی اقدامات کے ثمرات ہر فرد تک پہنچانے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، بزدارحکومت خوشحال اور صحت مند معاشرے کیلئے عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ تمام موثر اقدامات کررہی ہے۔
 

Advertisement