اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سپیل رنگ دکھانے لگا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور میں بادل کھل کر برسے، ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ کراچی میں بھی ابر رحمت نے موسم حسین بنا دیا۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کر دی۔
ملک میں مون سون نے رنگ جما دیا۔ کالی گھٹائیں چھائیں، ہوا چلی تو لاہور کا موسم بھی تبدیل ہو گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بادل خوب برسے۔ ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کی جلد نکاسی کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور گردونواح میں بھی موسلادھاربارش ہوئی، مریدکے، ڈسکہ، پنڈدادن خان، کالا باغ میں بھی ابر رحمت برسا۔ سیالکوٹ میں تیز بارش کے نتیجے میں 2 فٹ تک پانی جمع ہوگیا۔ گوجرانوالہ، میانوالی اور شاہین آباد میں بادل خوب برسے، بارش سے موسم تو خوشگوار ہوا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔
گلیات اور مانسہرہ میں بادلوں نے خوب رنگ جمایا۔ کشمیر اورگلگت بلتستان کے متعدد مقامات پر بھی بادل خوب برسے۔ ایبٹ آباد میں طوفانی بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی کے باعث پانی گھروں اور ایوب میڈیکل کمپلیکس میں داخل ہوگیا۔ حویلیاں ایوب پل سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے شہر کے مختلف علاقوں سے 62 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
کراچی میں گلستان جوہر، گلشن حدید، ملیر، ایم اے جناح روڈ، شاہراہ فیصل، نیشنل ہائی وے اور اطراف میں بادل برسے، بارش کے برستے ہی بجلی غائب ہوگئی، 500 فیڈرز سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ کے الیکٹرک کے مطابق گڈاپ، بلدیہ ٹاؤن، سرجانی، کلفٹن میں کچھ علاقے متاثر ہوئے۔