کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں مون سون کا پہلا سپیل برس پڑا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی و درمیانے درجے کی بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ کے الیکٹرک کے مطابق 500 فیڈرز متاثر ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صبح چھ بجے بادل برسنے کا آغاز ہوا۔ گلشن حدید میں 17، شاہ فیصل کالونی میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ یونیورسٹی روڈ پر 4.3، لانڈھی میں 4، جناح ٹرمینل پر 3.2، نارتھ کراچی میں 4.2، سعدی ٹاون 3.6، سرجانی ٹاون مین 2.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
ساوتھ ایسٹ راجھستان میں مون سون کا سسٹم بنا جس کے بعد بادل برسے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم کچھ دیر میں کمزور ہو جائے گا تاہم یہ اسپیل 16 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ رات کے اوقات میں درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔
کراچی میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں بجلی بند ہوگئی۔ لانڈھی، کورنگی، ملیرسٹی، رفیع گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں بجلی بند ہوئی۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق شہر میں 500 فیڈرز کی فراہمی متاثر جبکہ 1400 فیڈرز فعال ہیں۔ ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر کچھ علاقوں میں بجلی بند کی گئی ہے، جسے بحال کر دیا جائے گا۔