کورونا کے بڑھتے کیسز، اسلام آباد کے مزید 5 سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

Published On 12 July,2021 10:04 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کے بڑھتے ہوئے خدشات کے پیش نظر اسلام آباد کے مزید 5 سیکٹرز میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا۔ جی سیون ٹو، سواں گارڈن اور قرطبہ ٹاؤن کے علاقے شامل ہیں۔

وفاقی دارلحکومت کے قرطبہ ٹاؤن کی گلی نمبر 13، جی الیون 2، کی گلی نمبر 18، ایف الیون، ایف سکس تھری کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا ہے۔ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر ایف ایٹ تھری میں ایک سکول کو بھی سیل کر دیا گیا۔

محکمہ صحت کی ہدایت کے بعد گلگت، ہنزہ، سوات، ایبٹ آباد اور دیگر سیاحتی مقامات میں کورونا نظم وضبط پر عمل نہ کرنے پر متعدد سپر سٹور، دکانیں اور ہوٹلز سیل کر دئیے گئے۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 15 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 597 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 9 لاکھ 75 ہزار 92 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 808 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 48 ہزار 309، سندھ میں 3 لاکھ 47 ہزار 478، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 39 ہزار 463، بلوچستان میں 27 ہزار 994، گلگت بلتستان میں 6 ہزار 904، اسلام آباد میں 83 ہزار 764 جبکہ آزاد کشمیر میں 21 ہزار 180 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 51 لاکھ 3 ہزار 802 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 47 ہزار 15 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 13 ہزار 873 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 162 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 15 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 22 ہزار 597 ہوگئی۔ پنجاب میں 10 ہزار 822، سندھ میں 5 ہزار 607، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 362، اسلام آباد میں 784، بلوچستان میں 317، گلگت بلتستان میں 111 اور آزاد کشمیر میں 594 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement