اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے انتخابات کے رولز میں ترامیم متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
ترامیم میں کہا گیا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر بیلٹ پیپرز کی گنتی اور جانچ پڑتال کرے گا۔ بیلٹ پیپر پر ایک جانب امیدواروں کے نام ہوں گے۔ پہلے اجلاس کی صدارت سبکدوش ہونیوالا چیئرمین یا صدر کا نامزد شخص کرےگا۔
پیش کی گئی ترامیم کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ پریزائیڈنگ افسر کو ووٹر لسٹ فراہم کرے گا۔ امیدوار یا ان کے پولنگ ایجنٹ پولنگ بوتھ کا معائنہ کر سکتے ہیں۔ وہ بیلٹ پیپر ضائع ہوگا جس پر ہندسہ، تحریر یا کوئی دوسرا نشان لگایا گیا۔
ایک سے زائد امیدوار کے نام کےسامنے لگی مہر والا بیلٹ پیپر ضائع ہوگا۔ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا الیکشن خفیہ بیلٹ کے ذریعے ہوگا۔ امیدواروں کے نام کے سامنے علیحدہ خانہ ہو گا۔
ترامیم میں کہا گیا ہے کہ دن 12 بجے سے قبل کاغذات نامزدگی جمع کرائے جائیں گے۔ سیکرٹری سینیٹ خالی پولنگ باکس دکھا کر سیل کرے گا۔ غیر دانستہ طور پر بیلٹ پیپر ضائع ہونے پر نئے بیلٹ پیپر کا اجرا کیا جائے گا۔