وزیر خارجہ تاجکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے ازبکستان کیلئے روانہ

Published On 14 July,2021 11:41 pm

دوشنبے: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تاجکستان کا تین روزہ دورہ مکمل کر کے ازبکستان کیلئے روانہ ہو گئے ہیں۔

دشنبے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ، تاجکستان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔

وزیر خارجہ نے تاجکستان میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں شنگھائی تعاون تنظیم کو مزید فعال بنانے اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے، تجاویز دیں۔

وزیر خارجہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزارتی رابطہ گروپ برائے افغانستان میں شرکت کی اور افغانستان میں قیام امن کیلئے علاقائی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے اس موقع پر شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شریک اہم وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیر خارجہ نے صدارتی محل میں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی اور پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ کی دشنبے میں تاجکستان، ازبکستان، قزاقستان روس،چین کے وزرائے خارجہ اور سیکرٹری جنرل ایس سی او سے ملاقاتیں ہوئیں۔
 

Advertisement