اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے افغانستان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں عدم استحکام بڑھتا جا رہا ہے۔ افغان خانہ جنگی سے دہشت گرد اور بھارت فائدہ اٹھائے گا۔
یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’دنیا کامران خان کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر معید یوسف کا کہنا تھا کہ داسو واقعہ بہت بڑی ٹریجڈی ہے۔ پاکستان کے چین کے ساتھ بڑے مضبوط تعلقات ہیں۔ چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان محفوظ ملک ہے، یہاں دہشت گردی کی لہر کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ڈاکٹڑ معید یوسف نے کہا کہ سب کو پتا ہے سی پیک سے کون خوش نہیں ہے۔ سی پیک ان لوگوں کے لیے خطرہ جو پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے۔ داسو ڈیمز میں کچھ رکاوٹ آئی لیکن کام بند نہیں ہوا۔ دشمن اپنی کوششیں کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا افغانستان میں کوئی فیورٹ نہیں، ہم وہاں امن چاہتے ہیں۔ جتنا افغانستان میں ماحول بہتر ہوگا، اتنا ہی پاکستان کو فائدہ ہوگا۔ افغانستان میں جو ایریاز کنٹرول میں تھے، وہ بھی طالبان کے پاس چلے گئے۔