پاکستان، امریکا، افغانستان اور ازبکستان پر مشتمل سفارتی پلیٹ فارم قائم

Published On 16 July,2021 06:33 pm

کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں قیام امن اور خطے میں تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان، امریکا، افغانستان اور ازبکستان پر مشتمل سفارتی پلیٹ فارم قائم کردیا گیا۔

امریکی دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سفارتی پلیٹ فارم کا قیام تاشقند میں جاری سنٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیا کانفرنس کے موقع پر عمل میں آیا۔

اس موقع پر افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے علاوہ پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ موجود تھے۔ پلیٹ فارم کے باقاعدہ اجلاس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

دوسری طرف ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان کے امن عمل اور 15 جولائی 2021 کے بعد کے معاملات میں علاقائی تعاون کے لیے امریکا، ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے معاون اتحاد کا اعلان کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے معاملے پرنیا بلاک تشکیل دیا جائے گا، پاکستان اور ازبکستان میں اتفاق

انہوں نے کہا کہ امریکا، ازبکستان، افغانستان اور پاکستان کے نمائندوں نے اصولی طور پر اتفاق کیا ہے کہ نیا چار رکنی سفارتی پلیٹ فارم تشکیل دیا جائے جو علاقائی رابطہ کاری میں اضافے پر توجہ دے گا۔ فریقین سمجھتے ہیں کہ افغانستان میں دیرپا امن و استحکام علاقائی رابطہ کاری کے لیے اہم ہے اور امن، علاقائی رابطہ کاری اور باہمی طور پر اس کے نفاذ پر اتفاق کیا۔

زاہد حفیظ چودھری کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بین الاقوامی تجارت کے لیے روشن ہوتے روٹس کے تاریخی مواقع کو تسلیم کرتے ہوئے فریقین تجارت میں توسیع، راہداری کی تعمیر اور کاروباری تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لیے تعاون کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ فریقین نے باہمی اتفاق رائے کے ساتھ اس اتحاد کا طریقہ کار طے کرنے کے لیے آنے والے مہینوں میں ملاقات پر اتفاق کرلیا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اور ازبک صدر کے درمیان ون آن ون ملاقات میں افغانستان کے معاملے پر نیا بلاک تشکیل دینے پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق اس نئے بلاک میں ازبکستان، تاجکستان، ایران اور ترکی شامل ہوں گے۔ یہ بلاک افغان مسئلے کے پرامن حل کیلئے کوششیں کرے گا۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ازبک صدر کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔