اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے کہا ہے کہ افغانستان کے سینئر عہدیداروں کے ’’احمقانہ بیانات‘‘سے خود افغانستان کی سبکی ہو رہی ہے اور یہ عہدیدار جان بوجھ کر پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں جامع سیاسی حل کے لئے سہولت کاری جاری رکھنے کے لئے بدستور پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے کوششیں جاری رکھنے کے لئے حال ہی میں صدر اشرف غنی سے ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔
مشیر قومی سلامتی نے کہا کہ کابل میں چند بگاڑ پیدا کرنے والے عناصر کی جانب سے تلخ اور غلط بیانات، جو بدقسمتی سے ہمارے افغان بہن بھائیوں پر بطور سینئر عہدیدار کے مسلط ہیں اور مسلسل دوطرفہ تعلقات خراب کی کوشش کر رہے ہیں جس کا مقصد اپنی ناکامیوں سے توجہ سے ہٹانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو روزانہ اس طرح کے احمقانہ بیانات سے شرمندہ کیا جا رہا ہے، افغانوں کو یقین ہونا چاہئے کہ ہر کوئی ان بگاڑنے والے عناصر کے مذموم ایجنڈے کو دیکھ سکتا ہے۔معید یوسف نے کہا کہ ہم افغانستان میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کے تعاون پر شرپسند عناصر کے اثرات پڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔