راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کی عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے دفاع کے لئے اپنی جان کی قربانی دینے سے بڑا کوئی کام نہیں، پوری قوم کو اپنے قومی ہیروز کی ان قربانیوں پر فخر ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہری پور کے قریبی گاؤں میں کیپٹن باسط علی شہید کے گھر گئے اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع انہوں نے کیپٹن باسط علی شہید کے خاندان کے افراد سے ملاقات کی اور ان کے سروں پر شفقت کا ہاتھ رکھا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے قومی ہیروز کی ان قربانیوں پر فخر ہے۔ ملک کے دفاع کیلئے اپنی جان کی قربانی دینے سے بڑا کوئی کام نہیں ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان دشمنوں کے خلاف مسلح افواج کے پختہ عزم کو بھی دہرایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کیپٹن عفان مسعود خان شہید اور لیفٹیننٹ محمد عکاشہ طلال شہید کے گھر بھی گئے۔ آرمی چیف نے شہدا کیلئے دعا اور فاتحہ خوانی کی۔ آرمی چیف نے فرض کی ادائیگی کیلئے جان کا نظرانہ پیش کرنے والے شہدا کو سراہا۔