راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کیلئے مستحکم رہنے کی ضرورت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے یہ بات پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کے موقع پر کہی۔
آرمی چیف نے داسو واقعے پر چینی حکومت اور سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے۔ انہوں نے پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی میں مکمل سپورٹ اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم امن کے لیے کام کر رہے ہیں۔ دشمن قوتوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے مستحکم رہنے کی ضرورت ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن واستحکام کے لیے ہم آہنگی پر اتفاق کیا۔