پاکستان اور چین کے خلاف سازشیں کرنے والوں کو ناکامی ہوگی، فواد چودھری

Published On 22 July,2021 08:36 pm

جہلم: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے والے عناصر کو ناکامی ہوگی۔ ہر مشکل میں ساتھ دینے پر چین کی حکومت اور عوام کے مشکور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ داسو واقعہ میں سی پیک مخالف قوتیں کار فرما ہیں جو اس منصوبے کو روکنا چاہتی تھیں لیکن چین نے داسو ڈیم پر کام کی رفتار تیز کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے نائب صدر امر صالح کے پاکستان مخالف بیانات قابل افسوس ہیں، افغانستان کے معاملات یا مسائل افغانستان کے لوگوں نے حل کرنے ہیں، ہم صرف مدد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کی مشکل وقت میں مدد کی جس کی مثال نہیں ملتی لیکن بدقسمتی سے افغان حکومت اپنی ناکامیوں کا بوجھ پاکستان پر ڈالنا چاہتی ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ امر صالح کا افغانستان سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کا خاندان وہاں نہیں رہتا، ان کی جڑیں افغانستان میں نہیں ہیں، یہ وہ لوگ ہیں جو افغانستان سے مفاد حاصل کرنا چاہتے ہیں، جونہی ان کا افغانستان سے مفاد ختم ہو گا، یہ وہاں سے چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان افغان بہادر قوم کا ہے، پاکستان اور افغانستان کے لوگوں کا آپس میں مضبوط رشتہ ہے، کچھ دلبرداشتہ قوتوں کی طرف سے اس طرح کے بیانات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

 

Advertisement