اسلام آباد: (دنیا نیوز) این سی او سی (نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر) نے کراچی میں کورونا کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) کا اجلاس ہوا جس میں کراچی کی بگڑتی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کراچی میں کورونا وائرس کے پھیلاو پر تشویش کا اظہار کیا۔ این سی او سی نے کراچی میں وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ہر ممکن مدد کا فیصلہ کیا ہے۔
این سی او سی نے کہا کہ تشویشناک مریضوں کی دیکھ بھال کرنے کی استعداد کار بڑھائے جا رہے ہیں، آکسیجنیٹڈ بیڈز، وینٹی لیٹرز اور آکسیجن فراہمی کے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ایس او پیزعملدرآمد کیلئے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں تعیناتی میں مدد کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 86 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 23 ہزار 295 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 24 ہزار 861 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 537 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 55 ہزار 483، سندھ میں 3 لاکھ 77 ہزار 231، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 43 ہزار 213، بلوچستان میں 30 ہزار 162، گلگت بلتستان میں 8 ہزار 8، اسلام آباد میں 86 ہزار 945 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 819 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 59 لاکھ 36 ہزار 674 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 58 ہزار 203 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 38 ہزار 843 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 117 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 86 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 23 ہزار 295 ہوگئی۔ پنجاب میں 11 ہزار 19، سندھ میں 5 ہزار 947، خیبر پختونخوا میں 4 ہزار 444، اسلام آباد میں 799، بلوچستان میں 327، گلگت بلتستان میں 137 اور آزاد کشمیر میں 622 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔