ملتان: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا قیام اولین ترجیح ہے۔ بھارت خطے کا امن پارہ پارہ کرنا چاہتا ہے اور امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو حل کرنا ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیر، فلسطین بلکہ مسلم امہ کے سفیر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابات میں پی پی اور ن لیگ کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کو ک بھاری مینڈیٹ سے نوازا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر میں الیکشن ہارنے پر دھاندلی یاد آئی۔ اس کے پاس آزاد کشمیر کے 45 حلقوں کے امیدوار ہی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں مہنگائی اور معیشت سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے ہماری ٹیم سخت محنت کر رہی ہے۔