کابینہ اجلاس:کامیاب جوان پروگرام کےتحت 315 ارب روپےتقسیم کرنیکی منظوری

Published On 03 August,2021 08:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ نے موجودہ مالی سال کے دوران کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو قرضوں کے لئے تین سو پندرہ ارب روپے تقسیم کرنے کی منظوری دی ہے۔

یہ بات اطلاعات و نشریات کے وفاقی وزیر فواد چودھری نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے حوالے سے صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہی۔

فواد چودھری نے کہا کہ تقریباً چالیس لاکھ نوجوان اپنے کاروبار قائم کرکے اس اقدام سے مستفید ہوں گے جس کے نتیجے میں ملک کی معیشت مضبوط ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں نوجوان صحافیوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ سعودی عرب میں قید تئیس پاکستانی قیدی وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے واضح احکامات دیئے ہیں کہ دفتر خارجہ کے عملے کی کارکردگی کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تسلی کے حوالے سے جانچا جائے گا۔
 

Advertisement