گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) تھانہ کینٹ کے علاقہ شاہ کوٹ کے قریب مسافر وین میں سلنڈر دھماکہ، دھماکے کے بعد وین میں آگ لگ گئی، 9 مسافر جاں بحق، 7 زخمی ہو گئے۔
گوجرانوالہ میں تھانہ کینٹ کے علاقے شاہ کوٹ کے قریب مسافر وین کو انتہائی افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے وین میں آگ لگ گئی جس سے 9 مسافر جاں بحق جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے مسافر وین کی آگ بجھانے کی کوشش کی۔ امدادی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ویگن میں بیٹھے مسافروں کو باہر نکلنے کا موقع ہی نہیں ملا، وہ اپنی نشستوں پر بیٹھے بیٹھے لقمہ اجل بن گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے مسافروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لائے گئے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گوجرانوالہ میں وین آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور آ رپی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
انہوں نے وین میں آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں فوری طور پر جامع تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔