رحیم یارخان میں مندرحملے کےملزمان کو سخت سزا دی جائیگی، طاہراشرفی

Published On 09 August,2021 05:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ رحیم یار خان میں مندر حملے کے ملزمان کو سخت سزا دی جائے گی، انتشار پھیلانے والوں کیساتھ سختی سے نمٹیں گے، آئین پاکستان اقلیتوں کو مکمل آزادی فراہم کرتا ہے۔

اسلام آباد میں ایک اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے بین الامذاہب ہم آہنگی نے کہا کہ رحیم یار خان میں مندر کی توڑ پھوڑ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بدامنی ہو، ملک میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت ، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم کرنے کی خلوص دل سے کوشش کریں گے۔ محرم الحرام کے جلوسوں، مجالس اور تقریبات میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ کورونا وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ سے بچا جا سکے۔ قومی، ملی اور ملکی حالات و معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام متفق و متحد رہیں گے۔

اجلاس کے اعلامیہ پر بات کرتے ہوئے مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام کریں گے، ایک دوسرے کے مقدسات کی توہین اور تنقیص سے اجتناب کریں گے۔ علما کرام خطبہ اور مصنفین اپنی تقرریروں اور تحریروں میں توازن و اعتدال پیدا کریں اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے پرہیز کریں جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو سکتی ہے۔ مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت ، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمے کی اصولوں کی روشنی میں طے کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں طے پایا کہ علمائے کرام اور خطبہ واقعہ کربلا کے تناظر میں کشمیریوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کریں ان سے اظہار یکجہتی کے ساتھ ساتھ اور ان پر ہونے والے ظلم و جبر کو دنیا تک پہنچائیں گے۔
 

Advertisement