اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سپیکر پرویز الٰہی کے ذاتی اقدامات کی وجہ سے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے تعلقات میں پڑنے والی دراڑیں نمایاں ہو چکیں۔
ٹی وی سے گفتگو میں فردوس عاشق نے پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روکے جانے کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام اس بات کا واضح عندیہ ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات اب خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ کچھ دن قبل میں نے مسلم لیگ (ق) کے نائب صدر کے بیٹے کو پی ٹی آئی میں شمولیت کی سہولت فراہم کی اور پھر انہوں نے پی پی 38 کا ٹکٹ حاصل کر لیا، اگر کوئی پرویز الٰہی کی پارٹی چھوڑ دیتا ہے، کسی دوسرے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑ کر منتخب ہونے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو یہ دونوں جماعتوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کا واضح ثبوت ہے۔
سابق مشیر نے کہا ا گر پارٹی محسوس کرے کہ ملک اور صوبے کے لیے میری خدمات درکار ہیں تو وزیراعظم عمران خان مجھے ایک نیا کردار سونپیں گے۔