کراچی: (دنیا نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی کا سیاحت کو فروغ دینے کے لئے اسکردو ایئرپورٹ کو انٹر نیشنل ایئرپورٹ کا درجہ دینے کا فیصلہ، عالمی پروازوں کی آمد سے سیاحت کو فروغ کے ساتھ ملکی زرمبادلہ میں بھی اضافہ ہو گا۔
ایوی ایشن ڈویثرن کے ڈائریکٹر ائیرٹرانسپورٹ عرفان صابر کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا کہ اسکردو میں بین الاقوامی پروازوں کیلئے ائیرپورٹ کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا رہا ہے، ائیر پورٹ کے قیام کے لیے جگہ کا تعین کررہے ہیں جس سے بڑے جہازوں کی آمد ممکن ہوگی، فی الحال اسکردو میں صرف ڈومیسٹک پروازوں کیلئے ایئرپورٹ موجود ہے۔
مراسلے کے مطابق اسکردو کو پاکستان میں بین الاقوامی اے ٹی ایس روٹس سے جوڑنا ہے، ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کو اسکردو فلائٹ آپریشن کی طرف راغب کرنا ہے،غیر ملکی ایئر کیریئرز کو اسکردو سے لامحدود ہفتہ وار پروازیں چلانے کا اختیار دیا جاسکتا ہے۔