بھارت سے زیادہ دنیا میں کوئی ریاست تضادات کا شکار نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

Published On 14 August,2021 07:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے نریندرا مودی کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ مسخ کرنا اور نسل پرستی کو ہوا دینا ’آر ایس ایس، بی جے پی‘ حکومت کا خاص وطیرہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندتواسوچ اور نفرت و تشدد پھیلانے والوں کا 1947ء کے واقعات کو منفقانہ اور یک طرفہ انداز میں بیان کرنا شرمناک ہے۔ تاریخ مسخ کرنا اور نسل پرستی کو ہوا دینا ’آر ایس ایس۔بی جے پی‘ حکومت کا خاص وتیرہ اور پہچان ہے۔

زاہد حفیظچودھری نے کہا کہ آر ایس ایس۔بی جے پی حکومت ہمیشہ سیاسی مقاصد کے لئے نفرت و تقسیم کے نئے بیج بوتی رہتی ہے، توقع ہے کہ بھارت میں رہنے والی معتدل آبادی مزید تقسیم کرنے کے سیاسی ہتھکنڈے کو مسترد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت بھارت سے زیادہ دنیا میں کوئی ریاست تضادات کا شکار نہیں۔

اس سے قبل  پاکستان نے داسو حملے میں ملوث نہ ہونے کا بھارتی بیان مسترد کر دیا اور کہا کہ تردید اور جھوٹے بھارتی بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے بھارتی وزارت خارجہ امور کے داسو دہشت گرد حملے میں ملوث ہونے سے انکار کی ناقابل دفاع تردید کے بارے میں میڈیا کے سوالات پر جاری بیان میں کہا کہ ہم دوٹوک طور پر بھارتی وزارت خارجہ کا داسو دہشتگرد حملے میں ملوث نہ ہونے کا مضحکہ خیز بیان مسترد کرتے ہیں۔ متعدد مرتبہ ناقابل تردید شواہد سامنے لا چکے ہیں کہ بھارت، پاکستان میں نہ صرف دہشت گردی کرانے بلکہ منصوبہ بندی، معاونت و مدد، سرمایہ کی فراہمی میں بھی ملوث ہے۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ برس عالمی برادری کو اس ضمن میں ٹھوس شواہد پر مبنی دستاویزات (ڈوزیئر) فراہم کرچکے ہیں جبکہ حال ہی میں لاہور حملے میں بھارت کے ملوث ہونے سے متعلق ثبوت بھی پیش کیے ہیں۔ پاکستان کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ناقابل تردید اور معلوم چہرہ کمانڈر کلبھوشن یادیو ہے جو رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پوری طرح بے نقاب بھارت کا وطیرہ ہے کہ وہ ہمیشہ لفاظی، ابہام اور نئے جھوٹ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے لیکن بھارتی تردید اور جھوٹے بیانیوں کا واویلا کرنے سے حقائق تبدیل نہیں ہوں گے۔ ہم ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہیں کہ ریاستی دہشت گردی کو پالیسی ہتھیار کے طورپر استعمال کرنا بند کرے جبکہ پاکستان خطے کے امن و سلامتی کو خطرے سے دوچار کرنے والی بھارتی فتنہ انگیزیوں کو بے نقاب اور ان کی مخالفت کرتا رہے گا۔

مزید برآں پاکستان نے غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے علاقہ کولگام میں جھڑپ کے حوالہ سے بھارتی حکام کے ان غیرذمہ دارانہ اورگمراہ کن بیان کومسترد کردیاہے جس میں پاکستان کے خلاف جھوٹے اوربے بنیاد الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

دفترخارجہ کے ترجمان نے کہاہے کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ بھارت کی حکومت نے بغیرکسی تحقیق کے ایک مرتبہ پھرپاکستان کے خلاف سنگین الزامات عائدکئے ہیں،یہ پاکستان کے خلاف بھارتی حکومت اور میڈیا کے بے بنیادپراپیگنڈہ اورالزام تراشی کی مہم کا ایک اورمظہرہے۔

ترجمان نے کہا کہ حالیہ الزام تراشی بھارت کی اس روایتی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت پاکستان کے خلاف الزامات عائد کرکے صورتحال کو دھندلا کیا جاتا ہے اوراس کی آڑ میں بھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ جموں وکشمیرکے عوام کے جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی کوشش ہوتی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ تازہ ترین الزامات سے پاکستان کے اس دیرینہ موقف کی بھی تائید ہورہی ہے کہ بی جے پی کی حکومت سستے سیاسی فائدے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کرکے پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق الزامات عائد کرکے اسے بدنام کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان بھارت پرزوردیتا ہے کہ پاکستان کے خلاف قابل مذمت پراپیگنڈہ سے باز رہے ، بھارت کی جانب سے خواہ جتنا بھی جھوٹ بولا جائے اس سے غیرقانونی طورپربھارت کے زیرقبضہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی سنگین جرائم سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی ہے۔