اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں: وزیراعظم کی ہدایت

Published On 23 August,2021 08:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب کے مطابق بلا تعطل رسد کو یقینی بنانے اور اشیا کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہر ممکنہ اقدام بروئے کار لائے جائیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی و فروغ خصوصاً کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیشرفت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی اشیائے ضروریہ اور تعمیراتی میٹریل کی طلب ورسد اور اور قیمتوں میں استحکام کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیرِ خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹینٹ جنرل (ر) انور علی حیدر و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملک میں سیمنٹ اور سریا کی طلب و رسد اور قیمتوں کی صورتحال کے علاوہ گھی جیسی بنیادی اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد اور قیمت سے متعلقہ معا ملات پر بھی غور کیا گیا۔

وزیرِاعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی شعبے کی ترقی و فروغ خصوصاً کم لاگت والے گھروں کی تعمیر میں بلاتعطل پیش رفت حکومت کی اولین ترجیح ہے۔