معروف سماجی کارکن اور سکالر روبینہ سہگل قضائے الہیٰ سے انتقال کرگئیں

Published On 27 August,2021 09:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک کی معروف سماجی کارکن اور سکالر روبینہ سہگل قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئی ہیں، مرحومہ سرطان کے عارضے میں مبتلا تھیں۔

روبینہ سہگل ویمن ایکشن فورم کی سینئر ممبر بھی تھیں۔ انہوں نے اردو اور انگریزی میں مختلف مقالے اور تصانیف لکھیں جبکہ خواتین کے حقوق کیلئے چلنے والی تحریکوں میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماہر تعلیم روبینہ سہگل کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روبینہ سہگل خواتین کے حقوق کی ایک توانا آواز اور ہمہ گیر شخصیت کی مالک تھیں، ان کی ناگہانی وفات کی خبر سن کر بہت دکھ ہوا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مرحومہ روبینہ سہگل کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں بلند درجات عطا فرمائے۔