ملتان: صدیوں پرانے تاریخی تاریخی گھر خستہ حال، گرنے کے قریب، شہری پریشان

Published On 03 September,2021 10:34 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان اندرون شہر میں صدیوں پرانے تاریخی گھر خستہ حال ہو کر اب گرنے کے قریب ہیں، جن میں رہائش پذیر سیکڑوں شہریوں کی زندگیاں بھی داؤ پر لگ گئیں۔

اندرون شہر میں بوسیدہ عمارتوں کی تعداد سات سو کے قریب ہیں جن میں سے 78 انتہائی بوسیدہ حالت میں ہیں، تاہم بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ان بوسیدہ عمارتوں کے سروے اور کاغذی کاروائی شروع کر دی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کے مطابق خستہ حال عمارتیں اب گرنے کے قریب ہیں، لیکن مرمت کیلئے نہ تو انتظامیہ کے پاس فنڈز ہیں اور نہ ہی یہاں رہائش پذیر شہریوں کو متبادل جگہ فراہم کی جا رہی ہے۔

انتظامیہ کیمطابق ہزاروں سال پرانی عمارتوں کی مرمت کیلئے اربوں روپے کے فنڈز درکار ہیں، تاہم وسائل نہ ہونے کے باعث پہلے مرحلے میں صرف 270 خستہ حال عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو نوٹسز جاری کئے گئے ہیں جبکہ تعاون نہ کرنے والے شہریوں کیخلاف قانونی کاروائی بھی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود بوسیدہ مکانات میں رہائش پذیر افراد کو متبادل جگہ پر شفٹ کرنے میں تاحال ناکام ہے اور نہ ہی انکاری افراد کے خلاف اب تک کوئی قانونی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔
 

Advertisement