ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں یو ٹیلٹی اسٹور پر اشیائے خورونوش کی نئی قیمتیں آویزاں کر دی گئی ہیں لیکن اس کے باوجود آٹا، چینی، گھی اور مصالحہ جات دستیاب نہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت عام مارکیٹ سے ہی خریداری کرنے پر مجبورہے۔
ملتان میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے مختلف اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھا دی ہیں جس سے گھی کی نئی قیمت دو سو ساٹھ روپے کلو، چینی پچاسی روپے جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا نو سو پچاس روپے تک پہنچ چکا ہے لیکن اس کے باوجود یوٹیلٹی اسٹورز پر تاحال مصالحہ جات سمیت بیشتر بنیادی اشیائے خورونوش ہی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی اکثریت یوٹیلٹی اسٹورز حکام کی کارکردگی سے مطمئن نہیں۔
یوٹیلٹی اسٹورز کے انچارج کا موقف ہے کہ یوٹییٹی اسٹورز پر مختلف اشیا کے معیار کے حوالے سے خریداروں کو تحفظات ہیں اور موجودہ صورتحال میں قیمتوں میں اضافے سے سیل کا مقرہ ہدف پورا کرنا بھی مزید مشکل ہو جائیگا۔
یوٹیلٹی اسٹورز پر مختلف دالیں اور بیسن بھی دستیاب نہیں جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد عام مارکیٹ سے ہی خریداری کو ترجیح دے رہی ہے۔