لاہور: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے پاکستان کے اخراج پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نام ابھرتی معیشتوں کی فہرست سے نکلنا افسوسناک ہے۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کی عالمی فہرست سے پاکستان کی تنزلی اچھی خبر نہیں، تنزلی عوام کو درپیش شدید مشکلات اور مصائب کا اعتراف ہے، نواز شریف کے دور میں پاکستان کو دنیا کی 20 ابھرتی معیشتوں میں شمار کیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایم ایس سی آئی کا پاکستان کو ’فرنٹئیر مارکیٹس‘ میں شمار کرنا ملکی معاشی بدحالی کا اعلان ہے، تین سال میں پاکستان کا معاشی ترقی اور عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لئے سازگار ملک ہونے کا درجہ بھی چھن گیا، افسوس ہے۔