3 سال ختم ہو گئے عمران صاحب کی این آر او کی رٹ ختم نہیں ہوئی: مریم اورنگزیب

Published On 07 September,2021 03:23 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ 3 سال ختم ہو گئے عمران صاحب کی این آر او کی رٹ ختم نہیں ہوئی، طاقت ور آٹا، چینی چور آپ کے سائے تلے محفوظ ہیں۔

پاکستان مسلم (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پھر این آر او کی بات، گھبراہٹ اور خوف خیر تو ہے، عمران خان کیا این آر او نہیں مل رہا آپ کو ؟ طاقت ور دوائی مافیا آپ کے این آر او کے نتیجے میں محفوظ ہے، بجلی گیس اور رنگ روڈ مافیا آپ کے این آر تلے خوب جیبیں بھر رہا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ‎مہذب معاشرے میں وزیراعظم عوام کے آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی پر ڈاکہ نہیں ڈالتے، مہذب معاشرے میں وزیراعظم بہنوں بیٹیوں کو ایک کلو چینی کیلئے قطاروں میں کھڑا نہیں کرتے، مہذب معاشروں کا وزراعظم جھوٹ نہیں بولتا، حسد اور بغض کا شکار نہیں ہوتا، مہذب معاشروں میں پارلیمان اور اظہارِ رائے کا گلا بند نہیں کیا جاتا۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ‎انصاف پر عمران خان کا یقین ہوتا تو آٹا چینی چوری پر قانون کا سامنا کرتے، طاقتور قانون سے بالاتر نہ ہوتا تو وزیراعظم کھربوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ کیس میں سال سے مفرور نہ ہوتے، ملک اب صرف آگے تب بڑھے کا جب آٹا چینی بجلی گیس دوائی چوروں کے شکنجے سے نکلے گا، آج طاقت ور آٹا، چینی، بجلی، گیس چور سب قانون سے اوپر ہیں۔
 

Advertisement