تحریک انصاف کی حکومت نے 3 برس میں 1533 اسکول اپ گریڈ کیے: عثمان بزدار

Published On 08 September,2021 09:47 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تعلیم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں، ماضی کی حکومت نے 5 سال مین 1330 جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے 3 برس میں 1533 اسکول اپ گریڈ کیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمی یوم خواندگی پر اپنے پیغام میں کہا کہ خواندگی انسان کے شعور و آگاہی کو جلا بخشتی ہے، تعلیم کی بدولت ہی قومیں عروج حاصل کرتی ہیں، حصول تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، حکومت پنجاب اس حق کو بچوں تک پہنچانے کیلئے سرگرم عمل ہے، صوبے کی تاریخ میں جامع  پنجاب سکول ایجوکیشن پالیسی  2020 متعارف کرائی گئی ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شرح خواندگی بڑھانے کیلئے پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈر کی تعلیم پر توجہ دی گئی ہے، ہماری حکومت نے ملتان میں پہلا ٹرانس جینڈر سکول قائم کیا ہے، سکولوں میں ٹیچرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے 31 ہزار سے زائد ایس ٹی آئی بھرتی کئے جا رہے ہیں، 33 ہزار سے زائد مرد و خواتین ایجوکیٹرز کی بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جا رہا ہے، 10 پسماندہ اضلاع کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے بھرتی کیلئے قواعد میں نرمی کی گئی ہے، ان اضلاع میں ہارڈ شپ کے تحت مقامی نوجوانوں کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ رواں مالی سال میں مزید 7 ہزار سکول اپ گریڈ کئے جائیں گے، مجموعی طور پر 27 ہزار سکول اپ گریڈ کئے جائیں گے۔
 

Advertisement