لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا ہے، سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا کہ آج جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کی محرومیوں کو دور کیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے رولز آف بزنس منظور کر کے محکموں کو با اختیار بنایا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ کو انتظامی لحاظ سے خود مختاری دی گئی ہے، 17 محکموں کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا حصہ بنایا گیا ہے، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا، سابق دور میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا، جنوبی پنجاب کے فنڈز من پسند اضلاع پر خرچ کیے گئے، ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوں گے، ماضی کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لئے فنڈز دیگر منصوبوں کو منتقل کئے، جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکے گا، جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔