لاہور: (دنیا نیوز) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں مسلح نہیں بلکہ نظریاتی دہشت گردی ہے، 22کروڑ عوام کو یرغمال بنایا لیا گیا ہے۔ اس وقت مظلوم کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں سب مظلوموں کی صف میں کھڑے ہیں۔
حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ اس ملک میں آمریت ہے جمہوریت نہیں ، چند خاندانوں کی بادشاہت ہے جنہوں نے سیاست کو اپنے گھر کی لونڈی بنایا ہوا ہے۔ ملک میں مارشل لاء ہو یا جمہوریت یہ ہمیشہ اقتدار میں رہتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں چند خاندان ہیں جنہوں نے ماضی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کا ساتھ دیا تھا اس کے بعد انگریزوں نے حکومت قائم کی تو یہ ان کے ساتھ مل گئے اور اب بھی انہوں نے اس نظام کو سینے سے لگایا ہو اہے ۔ 22کروڑ عوام یرغمالی بنے ہوئے ہیں۔ ان ہی کی بداعمالیوں کی وجہ سے ملک دولخت ہوا اور اب بھی یہی اس ملک کو تباہ کررہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نئی نسل کو تباہ کیا گیا ہے اس نظام کیخلاف اٹھ کھڑے ہونا ہوگا۔ اس ملک کے خزانے کو بچانا ہوگا، انہوں نے کہاکہ امام حسینؓ کا راستہ باطل کی مخالفت کا راستہ تھا ، انہوں نے آمریت کا مقابلہ کیا ، امام حسینؓ کی شہادت ان کا پیغام اور مشن زندہ رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں مسلح دہشت گردی نہیں بلکہ نظریاتی دہشت گردی ہے، سیاسی دہشت گردی ہے اور اخلاقی دہشت گردی ہے۔