کنٹونمنٹ کا الیکشن لٹمس ٹیسٹ، لوگ اس حکومت سے اکتا چکے: خواجہ سعد رفیق

Published On 12 September,2021 10:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ کے باشعور لوگوں نے ووٹوں کی خرید وفروخت کے دھندے کو مسترد کرکے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دی ہے۔ کنٹونمنٹ کا الیکشن لٹمس ٹیسٹ ہے۔ لوگ اس حکومت سے اکتا چکے ہیں۔

تفصیل کے مطابق کنٹونمنٹ بورڈ کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے بعد خواجہ سعد رفیق کا کارکنوں سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج کا دن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی فتح کا دن ہے۔ آج ایک بار پھر زندہ دلان لاہور نے ووٹ کی طاقت سے ثابت کیا ہے کہ نواز شریف لوگوں کے دلوں کا وزیراعظم ہے۔ ووٹ کی ڈکیتی نواز شریف، شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کو لوگوں کے دلوں سے نہیں نکال سکے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کنٹونمنٹ کے باشعور لوگوں نے ووٹوں کی خرید وفروخت کے دھندے کو مسترد کر کے مسلم لیگ (ن) کو کامیابی دی ہے۔ والٹن کنٹونمنٹ کی 9 نشستیں مسلم لیگ (ن) نے حاصل کی ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ 2015ء میں ہم نے 10 میں سے 9 نشستیں جیتیں تھیں، اس سال ہم نے کلین سویپ کیا ہے۔ بھٹہ چوک کے قریب 3 پولنگ سٹیشنوں کا رزلٹ نہیں دیا گیا لیکن مسلم لیگ (ن) کے شیروں کے سکیورٹی حصار کو وہ توڑ نہیں سکے۔ پی ٹی آئی کے امیدوار نے ہمارے امیدوار پر حملہ کروایا۔ ایک اور پولنگ سٹیشن کے عملے کو پی ٹی آئی والوں نے 3 گھنٹے یرغمال بنا کر رکھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری آوازوں کو ریاستی جبر کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ پولنگ عملے کو یرغمال بنانے والے سرکاری غنڈوں کو پکڑو اور انصاف کرو۔ ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ لاہور میں آزاد کشمیر یا سیالکوٹ والا ڈرامہ رچائے۔