اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نئے پارلیمانی سال میں عوامی مفاد کی قانون سازی کا عمل تیز کیاجائے ۔ چاہتے ہیں ایسی موثر قانون سازی ہو جس کا عوام کوبراہ راست فائدہ پہنچے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ، چئیرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال اور نئے پارلیمانی سال کے حوالے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم نے پارلیمان سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خطاب کو سراہا۔
ملاقات کے دوران عمران خان نے نئے پارلیمانی سال میں عوامی مفاد کی قانون ساز ی کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت پاک چین تعلقات میں دراڑ پیدا کرنیکی کوشش میں ناکام ہو گا: صدر علوی
اس سے قبل وزیرا عظم سے چینی کمپنیوں کے سربراہان کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ وفد نے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا۔ چینی سفیر نونگ رانگ بھی ملاقات میں شریک ہوئے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع پید اہو ں گے،پاکستان چین سے صنعتی شعبے کی ترقی کے لیے بہت سیکھ سکتا ہے جبکہ درمیانے اور چھوٹے درجے کی صنعت کو بھی فروغ ملے گا۔حکومت کاروباری افرار کے لیے آسانیاں پید اکرنے کی پالیسی پر عمل پیراہے ،مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے خود جائزہ اجلاس کی صدارت کروں گا۔
دوسری طرف وزیر اعظم عمران خان سے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بھی ملاقات کی ۔ شیخ رشید نے وزیر اعظم کوملک میں امن و امان کی صورتحال ،افغانستان سے انخلاء میں تعاون کے لیے وزارت دا خلہ میں قائم سہولت سینٹر اور ریسکیو 1122 کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو پناہ گاہوں اور احساس پروگرام کے دیگر منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔