ن لیگ کی پنجاب اسمبلی میں قرار داد، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت

Published On 16 September,2021 10:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرا دی گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتا ہے، پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے اضافہ قابل مذمت ہے، عام آدمی پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، ہر 15 دن بعد پیٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمن حکومت کا واضع ثبوت ہے، وزیرخزانہ شوکت ترین بھی اسد عمر اور حفیظ شیخ کی پالیسیوں پر گامزن ہیں، موجودہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوگئی۔

مسلم لیگ ن کی رہنما عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی اور پٹرول میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں، رات بارہ بجے تبدیلی کا چاند چڑھا، پٹرول پانچ روپے لٹر مہنگا کر دیا گیا، جو لیڈر 70 روپے لٹر پٹرول پر شور مچاتے تھے آج وہ کہاں ہیں، پٹرول کی قیمت میں اضافہ عوام دشمنی ہے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں سب سے مہنگا ڈالر ہے، بجلی، آٹا، پیٹرول سب مہنگا، زندگی بچانے والی ادویات بھی 17 فیصد مہنگی ہے، ان کو ذرا بھی شرم ہوتی تو استعفے دے دیتے۔
 

Advertisement