فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے علاقے منصورآباد بازار میں گرین بیلٹ انتظامی غفلت کی وجہ سے مستقل مارکیٹ میں تبدیل ہوگئی۔ گرین بیلٹ میں پودوں اور گھاس کی جگہ ریڑھیاں اور مستقل دکانیں قائم ہونے سے علاقے کی خوبصورتی بھی ماند پڑ رہی ہے۔
گزشتہ کئی سالوں سے 15 فُٹ چوڑی گرین بیلٹ پر قبضہ جماتے ہوئے بااثر افراد کی جانب سے مستقل دکانیں اور مارکیٹیں قائم کر لی گئی ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے افسران اور ملازمین قبضہ ختم کروانے کیلئے آتے تو ہیں لیکن کاروائیوں کی بجائے مبینہ طور پر نذرانے وصول کر کے بغیر کاروائی کئے ہی واپس لوٹ جاتے ہیں۔
معاملے پر ترجمان پی ایچ اے کا کہنا ہے کہ گرین بیلٹ سے مستقل بنیادوں پر قبضہ ختم کرواتے ہوئے پورے علاقے کو سرسبزوشاداب بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ اہل علاقہ نے کہا ہے کہ قبضے کے خاتمے کیلئے اس سے قبل بھی متعدد بار احکامات جاری ہوئے لیکن تمام احکامات ردی کی ٹوکری کی نذر ہوگئے۔