60 روز میں منتخب عوامی نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کیخلاف درخواست مسترد

Published On 01 October,2021 11:27 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 60 روز میں منتخب عوامی نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کیخلاف درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات میں عدالت غیر معمولی صوابدیدی اختیارات استعمال نہیں کرنا چاہتی۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ میں ساٹھ روز میں منتخب نمائندے کا حلف لازمی قرار دینے کیخلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے استفسار کیا کیا آپ چاہتے ہیں کہ عوام نمائندوں کے ذریعے پارلیمنٹ میں نمائندگی سے محروم رہے ؟ جس وکیل ن لیگ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ایگزیکٹو پارلیمنٹ میں خلاف قانون مداخلت سے باز رہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ درخواستگزار قابل احترام سیاسی جماعت، سینیٹ میں اپوزیشن کیساتھ اکثریت میں ہے، کیا درخواستگزار مسلم لیگ (ن) کہہ رہی ہے کہ عوام بغیر نمائندے کے ہونے چاہیں ؟ عدالت کو نہیں پارلیمنٹ کو اپنے اختیارات استعمال کرنے چاہیں۔

 

Advertisement