اسلام آباد:(دنیا نیوز)چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وزیر اعظم نے اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے اہم اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے، وفاقی وزراء فروغ نسیم ،شہزاد اکبر اور فواد چودھری اجلاس میں شرکت کریں گے ۔
وزیر اعظم کوتوسیع سے متعلق مسودہ سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور منظوری کے بعد مسودہ کی سمری صدر کو بھجوائی جائے گی۔
دوسری طرف نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئے بنائی گئی حکومتی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم، مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان ، وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر شریک ہوئے۔
حکومتی اراکین نے نیب آرڈیننس میں ترمیم کیلئےتفصیلی بحث کرتے ہوئے حتمی سفارشات پر مبنی مسودہ تیار کرلیا ہے جوکہ منگل کو وزیراعظم عمران خان کو پیش کیا جائیگا۔
قبل ازیں سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی تھی ۔ جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ عدالت نیب کے کام میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس عمرعطا بندیال نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ کا وفاقی وزیر کے خلاف کوئی ذاتی عناد تو نہیں ؟ درخواست گزار نے کہا کہ اُن کا ذاتی عناد نہیں بلکہ عوامی مفاد کیلئے کیس دائر کیا جبکہ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں خود کہا ہے کہ ان کی توہین نہیں ہوئی، سپریم کورٹ کیسے کہہ دے کہ توہین عدالت ہوئی ہے؟۔
خیال رہے کہ اپیل وفاقی وزیر کیخلاف انکوائری مکمل نہ کرنے پر دائر کی گئی۔ توہین عدالت کی درخواست وکیل احسن عابد نے دائر کی تھی۔