جرأت اور بہادری پر پاک فوج کے 333 افسران، جوانوں کو اعزازات سے نواز دیا گیا

Published On 05 October,2021 08:27 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے 333 افسران اور جوانوں کو ان کی جرأت اور بہادری کے اعتراف میں اعزازات سے نواز دیا گیا۔ کور کمانڈر راولپنڈی، کور کمانڈر لاہور اور کور کمانڈر پشاور نے اعزازات دیئے، شہداء کے ایوارڈز ان کے اہلخانہ نے وصول کئے۔

راولپنڈی اور منگلا کور کے افسران اور جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب آرمی آڈیٹوریم راولپنڈی ہوئی، کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے 214 افسران اور جوانوں کو ان کی جرات اور شجاعت کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا۔ 67 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری، 122 افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری جبکہ 25 شہید جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

ملتان، لاہور، گوجرانوالہ اور بہاولپور کور کے افسران اور جوانوں کو اعزازات دینےکی تقریب لاہور میں ہوئی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز نے 78 افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، 24 افسران کو ستارہ امتیاز ملٹری، 34 افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری اور 20 شہید جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔

پشاور کور میں افسران اور جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے 41 افسروں اور جوانوں کو اعزازات دیئے، ایک افسر کو ستارہ امتیاز ملٹری، 14 افسران کو تمغہ امتیاز ملٹری جبکہ 26 جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا، شہداء کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کئے۔
 

Advertisement